حب میں کیمیکل ملے پیٹرول کی فروخت کا انکشاف، شہریوں کی موٹر سائیکلیں خراب ہونے لگیں

حب (ویب ڈیسک) حب شہر اور مضافات میں مبینہ طور پر کیمیکل ملے پیٹرول کی فروخت، موٹر سائیکلیں خراب ہونے لگیں،شہریوں کی متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کی اپیل۔ اس حوالے سے بتایاجاتا ہے کہ حب شہر اور اس کے مضافات میں مبینہ طور پر کیمیکل ملا پیٹرول فروخت ہونے لگا جس کے باعث شہریوں کی موٹر سائیکلیں خراب ہونے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس حوالے سے متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ مختلف پیٹرول پمپس سے ایندھن ڈلوانے کے بعد ان کی موٹر سائیکلوں کے انجن اور کاربیٹرز میں خرابی پیدا ہوگئی، جبکہ متعدد موٹر سائیکلیں بھی اچانک بند ہونے لگیں۔ شہریوں کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران موٹر سائیکلوں کی ورکشاپس پر انجن، فیول پمپ اور کاربیٹرزکی خرابیوں کے کیسز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ متاثرہ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض منافع خور زیادہ منافع کمانے کی خاطر پیٹرول میں مختلف کیمیکلز شامل کرکے فروخت کر رہے ہیں جس سے نہ صرف موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ شہریوں کو مالی خسارے کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکلوں کی مرمت پر ہزاروں روپے خرچ کرنے پڑ رہے ہیں جبکہ روزمرہ آمدورفت بھی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ دوسری جانب حب کے شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حب شہر اور گردونواح کے تمام پیٹرول پمپس سے فوری طور پر پیٹرول کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری ٹیسٹ کرائے جائیں اور اگر کسی پمپ پر غیر معیاری یا ملاوٹ شدہ پیٹرول کی فروخت ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔