دکی ، (نمائندہ بلوچستان نیوز) 11 فروری 2026: ایڈیشنل سیشن جج دکی کی عدالت نے دو لیویز اہلکاروں کے قتل کے سنگین مقدمہ (ایف آئی آر نمبر 22/2023) کا فیصلہ سناتے ہوئے چار ملزمان کو سزائے موت سمیت قید و جرمانے کی سزائیں سنادی ہیں۔عدالتی حکم نامے کے مطابق ملزمان نصیب اللہ، عبدالمالک، کریم اور خان محمد پر لیویز سپاہی محمد قاسم اور لیویز سپاہی عبید اللہ کے قتل کا جرم ثابت ہوگیا۔ یہ افسوسناک واقعہ لیویز تھانہ نانا صاحب زیارت، ضلع دکی کی حدود میں پیش آیا تھا۔عدالت نے جرم کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام چاروں ملزمان کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302(b) کے تحت سزائے موت کا حکم دیا۔ مزید برآں عدالت نے ہر ملزم کو مقتولین کے ورثاء کو چار، چار لاکھ روپے فی کس بطور خون بہا ادا کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ عدم ادائیگی کی صورت میں ملزمان کو مزید چھ ماہ قیدِ سادہ کاٹنا ہوگی۔اسی طرح دفعہ 324/149 کے تحت ہر ملزم کو 10 سال قیدِ بامشقت اور 50 ہزار روپے جرمانہ، دفعہ 148 کے تحت ایک سال قیدِ بامشقت جبکہ دفعہ 186 کے تحت تین ماہ قیدِ بامشقت کی سزا سنائی گئی۔عدالتی فیصلے کے بعد علاقے میں سکیورٹی کے انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔ قانونی ماہرین کے مطابق ملزمان کو فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل کا حق حاصل ہے۔
دکی میں دو لیویز اہلکاروں کے قتل کا فیصلہ، چاروں قاتلوں کو سزائے موت سنا دی گئی
