ماخذ: یو این اے
کوئٹہ (یو این اے) جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے امیر مولانا عبدالواسع کے گھر کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے، جس کا محکمہ جیل خانہ جات نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مولانا عبدالواسع سمیت پانچ سیاسی رہنماﺅں کو سب جیل میں رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ سب جیل قرار دیے گئے گھروں میں اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری کا گھر بھی شامل ہے، جبکہ ارکان اسمبلی فضل قادر مندوخیل، سید ظفر آغا اور اصغر خان ترین بھی نظر بندی کی زد میں آئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے مجموعی طور پر 23 سے زائد رہنماﺅں کو نظر بندی میں شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ کے سپرنٹنڈنٹ نے سب جیل کے انتظامات کے لیے عملہ تعینات کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سب جیل کے اندرونی انتظامات جیل حکام جبکہ بیرونی سیکورٹی پولیس کے سپرد ہوگی۔
