تربت، گھر کے اندر فائرنگ کا واقعہ، باہمی چپقلش کے نتیجے میں دو افراد ہلاک

تربت، فائرنگ

ماخذ: یو این اے

تربت (یو این اے) سرکاری ذرائع کے مطابق تربت کے علاقے ڈاکٹر کالونی میں ایک گھر کے اندر مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ مسلح افراد کے درمیان باہمی تنازع اور چپقلش کے باعث پیش آیا۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت سرفراز ولد غلام (ساکنہ شاہی تمپ) اور عامر ولد عبدالنبی (ساکنہ سریاب کوئٹہ) کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مقتولین میں شامل سرفراز عرف ملا ایک نامعلوم اشتہاری ملزم تھا جو پولیس کو قتل کے ایک سنگین مقدمے میں پہلے سے مطلوب تھا۔ قانونی کارروائی اور ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد سرفراز عرف ملا کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے، جبکہ دوسرے جاں بحق ہونے والے شخص عامر کی لاش آبائی علاقے کوئٹہ روانہ کی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کے مختلف پہلوں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔