کچھی، گاﺅں چندڑ کے بیسک ہیلتھ یونٹ میں مسلح ڈکیتی، عملہ یرغمال، میڈیکل ٹیکنیشن تشدد سے زخمی

مسلح ڈکیتی

بولان (نامہ نگار) ضلع کچھی بولان کی یونین کونسل چندڑ میں واقع بیسک ہیلتھ یونٹ میں مسلح افراد کی ڈکیتی، عملے کو یرغمال بنا کر قیمتی سامان لوٹ لیا، جبکہ شدید تشدد کے نتیجے میں زخمی طبی اہلکار کوئٹہ منتقل، ڈکیتی کی واردات یونین کونسل چندڑ کے گاﺅں میں قائم بیسک ہیلتھ یونٹ میں سوموار کے روز دن دہاڑے بارہ بجے پیش آئی، مسلح نامعلوم ملزمان ہیلتھ سینٹر میں زبردستی داخل ہوئے اور وہاں موجود عملے کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا، ملزمان نے عملے سے موٹر سائیکل، موبائل فونز، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واردات کے دوران نامعلوم ڈاکوﺅں نے بیسک ہیلتھ یونٹ کے میڈیکل ٹیکنیشن ایم ٹی محمد جان بنگلزئی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے، زخمی ایم ٹی کو فوری طور پر حاجی شہر آر سی ڈی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ان کو کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد مقامی پولیس نے علاقے کی ناقبندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی، جبکہ طبی عملے پر حملے اور لوٹ مار کے واقعے پر ضلع بھر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔