نواز شریف نے محمود خان اچکزئی، ڈاکٹر عبدالمالک اور سردار اختر مینگل کو اہم عہدے دیے، جمال شاہ کاکڑ

جمال شاہ کاکڑ

ماخذ: یو این اے

کوئٹہ (یو این اے) پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے قوم پرست جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں مسلم لیگ(ن)نے بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں کو اہم سیاسی عہدوں پر نمائندگی دی، لیکن آج بعض جماعتیں ماضی کی سیاسی وابستگیوں کو نظرانداز کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایوب اسٹیڈیم میں منعقدہ جلسے کے دوران محمود خان اچکزئی نے نواز شریف سے دوستی کے لیے سخت الفاظ میں اعلان کیا تھا، جس دوستی کو مسلم لیگ (ن)آج بھی تسلیم کرتی ہے۔ پی ڈی ایم کے دور میں تمام قوم پرست جماعتیں ہمارے ساتھ تھیں۔جمال شاہ کاکڑ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن)کی قیادت اور نواز شریف نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو وزیراعلی بلوچستان، محمود خان اچکزئی کے بھائی کو گورنر بلوچستان جبکہ ایک دور میں سردار اختر مینگل کو بھی وزیراعلی بنایا۔انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن)مشکل دور سے گزر رہی تھی، اس وقت بھی انہوں نے بلوچستان کے مختلف اضلاع کے دورے کیے۔ ان کے بقول بلوچستان کے حالات بالکل ٹھیک ہیں اور گزشتہ دنوں سریاب میں منعقدہ شمولیتی جلسے میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے مسلم لیگ (ن)میں شمولیت اختیار کی۔