سوراب میں مسلح افراد نے 3 گاڑیاں چھین کر خاندان کو ویرانے میں چھوڑ دیا

سوراب میں گاڑیاں چھین لیں

سوراب(یو این اے، ویب ڈیسک) سوراب کے علاقے بینچہ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر تین چھوٹی گاڑیاں چھین لیں اور ایک خاندان کو ویرانے میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔مقامی ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے گاڑیوں کو روک کر سوار افراد کو اسلحے کے زور پر اتارا اور تینوں گاڑیاں اپنے قبضے میں لے لیں۔ بعد ازاں متاثرہ خاندان کو ویرانے میں چھوڑ دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات اور مسلح افراد کی تلاش شروع کردی ہے۔ دیگر ذرائع کے مطابق سوراب کے قریب چمن کے رہائشی اشرف خان اچکزءکی ڈبل کیبن رنگ سفید ٹویوٹا ریوو گاڑی کو مسلح افراد نے زبردستی چھین لیا۔ گاڑی میں اشرف خان کے فیملی کے گھریلو سامان خواتین کے کپڑے جہیز کا سامان سمیت فیملی کی خواتین اور بچے سوار تھے۔مسلح افراد نے خواتین اور بچوں کو ویرانے میں گاڑی سے اتار دیا ہے اور گاڑی سمیت گھریلو سامان، خواتین کے کپڑے اور جہیز کا سامان لے گئے۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ شخص اشرف خان کا کہنا ہے کہ میں ایک چھوٹا کاروباری آدمی ہوں۔ یہ سارا سامان بڑی مشکل سے جمع کیا تھا۔ اگر کسی بھائی کو گاڑی یا سامان کے بارے میں کوئی معلومات ملے تو برائے مہربانی ہمارے ساتھ شیئر کریں۔