گوادر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے گوادر یونیورسٹی کے لیے گرلز ہاسٹل کی الاٹمنٹ کے اعلان کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے بلوچستان گورنمنٹ کی جانب سے تعمیر کردہ ہاسٹل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ یہ اقدام طالبات کے لیے محفوظ اور معیاری رہائش کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ گرلز ہاسٹل کی دستیابی بالخصوص ا±ن طالبات کے لیے انتہائی سہولت فراہم کرتی ہے جو گوادر شہر سے باہر کے علاقوں سے یونیورسٹی آف گوادر میں تعلیم حاصل کرنے آتی ہیں۔ اس ہاسٹل کے قیام سے نہ صرف بیرونی اضلاع سے آنے والی طالبات کے رہائشی مسائل حل ہوں گے بلکہ مقامی طالبات کے لیے بھی ایک مثبت اور معاون تعلیمی ماحول میسر آئے گا۔ افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کے علاوہ رجسٹرار دولت خان، ڈین فیکلٹی اف سوشل سائنس پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم مہر، پرنسپل گوادر کالج نصیر احمد یونیورسٹی کے افسران و دیگر معزز مہمان شامل تھے۔ وائس چانسلر نے حکومت بلوچستان، خصوصاً وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گرلز ہاسٹل جیسی سہولیات یونیورسٹی کی ترقی اور طالبات کے تعلیمی سفر کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے اسے تعلیم کے فروغ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ اپنے خطاب میں مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے ایسی سہولیات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہاسٹل کا آغاز طالبات کے لیے بہتری، سہولت اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنے گا۔
گوادر ایم پی اے مولانا ہدایت کاگوادر یونیورسٹی گرلز ہاسٹل کاافتتاح
